A Poem By Mirza Ashraf

نظم

ہمیں ڈر رہتا قصہ عاشقی نہ لیک ہو جائے
انہیں ڈر کھڑکیوں سے جھانکنا نہ لیک ہو جائے
پسِ چلمن سے بھی آواز سہمی سہمی اٹھتی تھی 
محلے کی بوا خالہ کے ہاں نہ لیک ہو جائے 
کبھی سرگوشیاں دیوار سے بھی بچ کے ہوتیں تھیں
کہ منہ سے بات نکلی اُس طرف نہ لیک ہو جائے
حسیں آنکھیں نقابِ رخ میں بھی خاموش رہتی تھیں
کہ پلکوں کا جھپکنا بھی کہیں نہ لیک ہو جائے
محبت جان و دل میں ہی مقدس بن کے رہتی تھی
کہیں یہ چشم ِ تر آہوں سے بھی نہ لیک ہو جائے

مگر اس دورِ وکی لیک میں کیسے چھپائیں ہم
ابھی ہم سوچ ہی میں ہیں اُدھر سب لیک ہو جائے
بہت تھا آسرا ہم کو خدائی پردہ پوشی کا
مگر اب پردہ پوشی میں بہت کچھ لیک ہو جائے 
محبت کی فقط اک لہر اٹھتی ہے تو پل بھر میں
کہانی بن کے ٹویٹر پر جہاں میں لیک ہو جائے
جو اِس دل سے محبت اُٹھتی اُس دل میں اُترتی تھی
وہ اب اون لائین ریڈی میڈ ہو کر لیک ہو جائے
میں اکثر سوچتا ہوں فیس بک یو ٹیوب و ٹویٹر پر
اگر گزرا زمانہ آج سب پر لیک ہو جائے
تو حُسنِ عشق تھا وہ یا فریبِ زندگی اشرف
بہت ممکن ہے اس الجھن کا حل بھی لیک ہو جائے
اشرف 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.